لندن (جیوڈیسک) عالمی نمبر دو نوواک جوکووچ اور روجر فیڈرر اے ٹی پی ورلڈ ٹور فائنلز کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے۔
لندن میں جاری سیزن کے اختتامی ٹینس ٹورنامنٹ میں سربین سٹار نوواک جوکووچ نے فرانسیسی حریف رچرڈ گیسکیٹ کو سخت مقابلے کے بعد زیر کیا۔
دو گھنٹے اور نو منٹ کے طویل میچ میں سابق ورلڈ چیمپئن نوواک جوکووچ کی فتح کا سکور سات چھ، چار چھ اور چھ تین رہا۔سیمی فائنل میں جوکووچ کا مقابلہ سوئزرلینڈ کے سٹینلاس وارینکا سے ہو گا۔ راؤنڈ روبن مرحلے کے آخری مقابلے میں سترہ بار کے گرینڈ سلیم چیمپئن روجر فیڈرر فتحیاب ہوئے۔
گروپ بی میں سوئس سٹار نے ارجنٹائن کے یوان مارٹن ڈیل پوٹرو کو چار چھ ، سات چھ اور سات پانچ سے مات دیکر سیمی فائنل میں سیٹ پکی کی جہاں ان کا مقابلہ عالمی نمبر ایک اور روایتی حریف رافیل نڈال سے ہو گا۔