اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد میں خرم دستگیر نے کہا کہ پاک امریکا مشترکہ کاروباری مواقع فورم کا پاکستان میں انعقاد بڑی کامیابی ہے جس سے دونوں ملکوں کی تاجر برادری کو ایک دوسرے کے قریب آنے کا موقع ملا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت امریکا اور پاکستان کے درمیان سالانہ تجارتی حجم پانچ اعشاریہ تین ارب ڈالرز ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ امریکا نے پاکستان کو چھتیس سال قبل جی ایس پی کا درجہ دیا تھا اور پاک امریکا معاشی تعلقات پہلے سے زیادہ حقیقت پسندانہ ہیں اور دونوں ملکوں کے مابین شکوک و شبہات بھی کم ہو رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاک امریکا ٹریڈ انویسٹمنٹ معاہدہ 2003ء میں طے پایا تھا اور اسی معاہدے کے تحت دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی سرگرمیاں جاری ہیں۔