یمن (جیوڈیسک) یمن میں سعوی اتحادی افواج سے برسر پیکار حوثی باغیوں نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور یمنی حکومت کو مشروط جنگ بندی کی پیشکش کردی ہے۔
خبر کے مطابق ،حوثی باغیوں نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور یمن کی فوج پر ڈرون اور میزائل حملے روکنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر سعودی اتحاد یمن میں قیام امن کے لیے سنجیدہ ہے تو ہم بھی جنگ بندی کرنے کو تیار ہیں۔
حوثی باغیوں کے کمانڈر محمد علی الحوثی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے ایک وفد سے رابطے کے بعد ڈرون اور میزائل حملے روکنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم مکمل جنگ بندی کے لیے اتحادی افواج کے اقدامات کے منتظر ہیں۔
گزشتہ ہفتے سعودی اتحادی افواج نے بندرگاہ الحدیدہ کے کنٹرول کے لیے جاری جنگ کے دوران جنگ بندی کا اعلان کیا تھا لیکن اس اعلان کے بعد بھی حوثی باغیوں نے حملے بند نہیں کیے تھے۔
دونوں گروہوں کی جانب سے جنگ بندی کا اشارہ دراصل عالمی دباؤ کا نتیجہ ہے۔
اقوام متحدہ کی جانب سے بھی فریقین سے جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ سال کے آخر تک سویڈن میں قیام امن کے لیے مذاکراتی عمل کا آغاز کیا جانا چاہیے۔