کراچی (جیوڈیسک) آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 کے پانچویں ایڈیشن میں بھارت کے ویرات کوہلی چھ میچز میں 319 رنز بنا کرٹ اپ اسکورر رہے، جس میں سری لنکا کیخلاف فائنل میں ان کے بنائے ہوئے 77 رنز بہترین انفرادی کاوش ثابت ہوئے۔ فائنل میں سری لنکا کے ہاتھوں شکست سے قطع نظر کوہلی کو ایونٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، جس کا سبب ان کی پورے ایونٹ میں بے مثال پرفارمنس ہے، آئی سی سی کی غیرجانبدار جیوری نے انھیں منتخب کیا، اس جیوری میں ڈیوڈ بون، ماریس ایرسمس، وسیم اکرم، ناصر حسین، ای ین بشپ اور اپتل شارو شامل رہے۔
نیدرلینڈز کے ٹام کوپر نے 231 رنز کے ساتھ دوسری پوزیشن پائی جبکہ ان کے ہموطن اسٹیفن میئبرگ نے 224 رنز اپنے نام جوڑے، بھارت کے روہت شرما 200 رنز کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہے، جنوبی افریقی بیٹسمین جین پال ڈومنی نے 187 رنز اسکور کیے، بنگلہ دیشی آل رائونڈر شکیب الحسن 186 کے ساتھ چھٹے نمبر پر رہے، جنوبی افریقی اوپنر ہاشم آملا ساتویں نمبر پر موجود ہیں۔