ماسکو (جیوڈیسک) روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ ماسکو دنیا کے ساتھ جنگ یا محاذ آرائی کا خواہاں نہیں ہے۔ وہ کریمیا میں روسی وزرا اور ارکان پارلیمان سے خطاب کر رہے تھے۔
روسی صدر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ‘ہمیں اطمینان اور وقار سے اور موثر طریقے سے اپنے ملک کو تعمیر کرنا چاہیے، نہ کہ اسے بیرونی دنیا سے الگ تھلگ کر لینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں مستحکم اور متحرک ہونے کی ضرورت ہے لیکن کسی طرح کی جنگ یا محاذ آرائی کے بغیر، روس کے نام پر سخت محنت کے ذریعے۔
ان کا کہنا تھا کہ روس اپنی بساط کے مطابق یوکرائن کے تنازعے کو جلد از جلد حل کرنے اور وہاں خونریزی کے خاتمے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا۔ اپنی پالیسی کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اسے امن سے محبت پر مبنی ہونا چاہیے۔
پیوٹن کے بہت سے مغربی ناقدین کے مطابق وہ پہلے بھی امن پسندانہ بیانات دیتے رہے ہیں تاہم ان کا عمل اس سے بالکل مختلف نظر آتا ہے۔