تیسری عالمی جنگ کے خطرات و تباہی سے محفوظ رہنے کا واحد طریقہ اتحاد و اخوت ہے۔ گجراتی سرکار

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گجراتی قومی موومنٹ کی جانب سے فرزند جونا گڑھ اقبال چاند کی نگرانی میں منعقدہ ” جشن سال نو “ کی تقریب کے دعائیہ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے جی کیو ایم کے سربراہ گجراتی سرکار امیر سولنگی عرف پٹی والا المعروف سورٹھ ویر نے کہا کہ انتشار کے ناگ نے دنیا کے امن کو بربادکرکے ترقی و خوشحالی کو ہڑپ کررہا ہے اور دنیا آہستہ آہستہ اختلافات کا شکار ہوکر مفادات کی خاطر باہم دست و گریباں ہے۔

دنیا پر تیسری عالمی جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں جن سے نجات کا واحد راستہ اتحاد و اخوت کی طاقت ہے اسلئے آج نئے سال کا سورج ہم سے تمام اختلافات کو پس پشت ڈال کر متحدویکجا ہونے کا تقاضہ کررہا ہے کیونکہ اتحاد وہ ہتھیار ہے جس سے دہشتگردی کو شکست دینے کے ساتھ مسائل و مصائب سے محفوظ رہنے اور حصول حقوق کی راہ بھی تلاش کی جا سکتی ہے۔

اسلئے آج گجراتی زبان بولنے والی تمام برادریاں اپنی نسلوں کے محفوظ مستقبل کیلئے متحدویکجا ہونے کا عہد کریں اور گجراتی قومی موومنٹ کے پلیٹ فارم پر یکجا ہوجائیں تو پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے گجراتی برادریوں کے حقوق کے حصول و تحفظ کی جی کیو ایم کی جدوجہد فتح و کامیابی سے ہمکنار ہو سکتی ہے۔