میرپور (جیوڈیسک) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اہم میچ میں ویسٹ انڈیز نے آسٹریلیا سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ میرپور کے شیر بنگلا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے، گلین میکس ویل نے ایک بار پھر جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے 22 گیندوں پر 45 رنز بنائے جبکہ بریڈ ہوج 35 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے، دیگر کھلاڑیوں میں ایرن فنچ 16، ڈیوڈ وارنر 20، شین واٹسن 2، کپتان جارج بیلے 12، جیمز فالکنر 13 اور مچل اسٹارک 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ بریڈ ہیڈن 15 اور جیمز مرہیڈ ایک رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے سیمیول بدری، مارلن سیمیولز اور سنیل نرائن نے 2،2 جبکہ کرشمار سینٹوکی اور ڈیوائن براوو نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے 179 رنز کا ہدف آخری اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا، کرس گیل نے 35 گیندوں میں 53 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا جبکہ کپتان ڈیرن سیمی اور ڈیوائن براوو نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے ٹیم کو آخری اوور میں کامیابی دلادی، دونوں نے بالترتیب 34 اور 27 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، دیگر کھلاڑیوں میں ڈیوائن اسمتھ 17، لینڈیل سمنز 26 اور مارلن سیمیولز 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ آسٹریلیا کے مچل اسٹارک نے 2 جبکہ ڈوگ بولنجر اور جیمز مرہیڈ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔