پاکستان (جیوڈیسک) مسلم لیگ ن کے سربراہ نوازشریف نے واضح کیا ہے کہ ہم اپنی آزادی، سلامتی کے تحفظ اور جغرافیائی وحدت کو برقرار رکھتے ہوئے دنیا بھر کے ممالک، یورپین یونین، سارک، ایکو سمیت تمام اقتصادی بلاکس کے ساتھ دوستی اور گہرے اقتصادی تعاون پر مبنی تعلقات قائم کریں گے۔
مسلم لیگ ن کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق حال ہی میں امریکہ، برطانیہ، بھارت، فرانس اور عرب ممالک سمیت مختلف ملکوں کے سفیروں، تجارتی نمائندوں سے ملاقاتوں میں نوازشریف نے پاکستانی مشکلات سے باور کرایا اور کہا کہ دہشت گردی کے حوالے سے جنگ و جدل کا شکار ہونے کی وجہ سے شدید معاشی مسائل درپیش ہیں۔
اقتصادی مضبوطی ہی پاکستان کو دنیا بھر میں سرخرو کرے گی۔ ان ملاقاتوں میں نوازشریف کا کہنا تھا کہ داخلی اور خارجہ پالیسیاں پارلیمنٹ کے ذریعہ ہی وجود میں آئیں گی۔ مسلم لیگ ن بیرونی تجارت اور غیرملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے ٹھوس قدم اٹھائے گی۔
اس کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی حقوق کے مطابق ہمسایہ ممالک کے ساتھ پانی کے مسئلہ کے حل کو اہمیت اور فوقیت دی جائے گی۔ نوازشریف نے مغربی ممالک کے سفیروں خصوصا امریکی سفیر اور برطانوی ہائی کمشنر کو پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ سے ہونے والے نقصانات سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ اس مسئلے کا حل طاقت اور قوت کے بجائے سیاسی مذاکرات کے ذر یعے ہونا چاہئے۔