ورلڈ ٹی 20 میں یوراج جلد اپنا جادو جگائیں گے، مہندرا سنگھ دھونی

Mahendra Singh Dhoni

Mahendra Singh Dhoni

کراچی (جیوڈیسک) بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی کی مسکراہٹ مشہور ہے، جب کبھی بھی وہ پریس کانفرنس میں آتے ہیں تو سب کو یہ بات معلوم ہوتی ہے کہ سخت سے سخت سوال پر بھی ان کے ماتھے پر بل نہیں آئیں گے بلکہ اپنے دلچسپ فقروں سے وہ ماحول کو خوشگوار بنا دیتے ہیں۔

تاہم آئی پی ایل کرپشن میں اپنے اوپر لگنے والے الزامات کے بعد اگرچہ وہ اب خاصے سنجیدہ نظر آتے ہیں لیکن ایسا بھی نہیں ہے کہ روایتی مسکراہٹ اور حاضر جوابی ساتھ چھوڑ گئی ہوں ، ویسٹ انڈیز کیخلاف جیت کے بعد جب دھونی سے سوال کیا گیا کہ بہت دنوں کے بعد آپ کے چہرے پر مسکراہٹ دیکھی جا رہی ہے تو انھوں نے برجستہ کہا کہ میں ٹیم کی ہارجیت سے قطع نظر مسکراتا رہتا ہوں، انھوں نے فلسفیانہ انداز اختیار کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ کرکٹ ان کی زندگی کا ایک اہم حصہ ہے لیکن یہ مکمل زندگی نہیں ہے ظاہر ہے کہ جب آپ اچھا نہیں کرتے تو مایوسی ہوتی ہے، بھارتی قائد نے مزید کہا کہ کرکٹ ایک کھیل ہے جس میں ایسا کئی بار ہوتا ہے کہ آپ ہارتے بھی ہیں۔

دھونی اپنے باؤلرز کی کارکردگی پر خوش ہیں اور کہتے ہیں کہ یہ درست ہے کہ کنڈیشنز بولرز کے لیے مددگار ہیں لیکن منصوبہ بندی کے مطابق انھیں بولنگ کرنا پڑتی ہے کیونکہ اس مختصر دورانیے کی کرکٹ میں آپ کا سامنا جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرنے والے کئی بیٹسمینوں سے ہے جن کے خلاف موثر حکمت عملی تیار کرنی پڑتی ہے اور اس پر عمل کرنا ہوتا ہے، ورلڈ کپ کے دو ابتدائی میچزمیں بھارت کی کامیابی کے باوجود ان کے اسٹار بیٹسمین یوراج سنگھ ابھی تک اپنی چمک نہیں دکھاپائے ہیںِ۔