کراچی : حق پرست رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان اور رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیا قادری نے کہا ہے کہ فکر حسینی کو اپنا کر ہی ہم معاشرے میں انقلاب لاسکتے ہیں ،امام حسین نے اپنے رفقاء کے ہمراہ دین اسلام کی سربلندی کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے اسلام کو رہتی دنیا تک زندہ و جاوید کردیا ،فلسفہ حسینی باطل قوتوں کے سامنے ڈٹ جانے اور متحد ہوکر اس کا مقابلہ کرنے کا درس دیتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار حق پرست اراکین اسمبلی اقبال محمد علی خان اور نشاط محمد ضیاء قادری نے محرم الحرام کے دوران فرقہ ورانہ ہم آہنگی اتحاد و بھائی چارگی اور امن و امان کے قیام کے لئے شاہ فیصل کالونی کے امام بارگاہوں کا تفصیلی دورہ کرکے امام بارگاہوں کے منتظمین اور شیعہ عمائدین سے ملاقات کرتے ہوئے کیا ۔اراکین اسمبلی نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اسلام اخوت و بھائی چارگی اور فرقہ ورانہ ہم آہنگی کا درس دیتا ہے انہوں نے تمام مکاتب فکر لوگوں خصوصاً علماء اکرام سے کہاکہ وہ فکر حسینی پر عمل کرتے ہوئے اتحاد و یکجہتی کو فروغ دیں۔