مصطفی آباد/للیانی : بدترین مہنگائی نے سفید پوش طبقہ کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ ان حالات میں بجٹ بنانے والے وزیرخزانہ اسحاق ڈار بارہ ہزار روپے میں کسی ایک مزدور کی ماہانہ آمدن کا بجٹ بنا کر دکھائیں۔ غریب کے سانس اور بدن کا رشتہ قائم رکھنا مشکل ہوگیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پیپلزپارٹی وڈانہ کے صدر ڈاکٹر وحید احمد نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی اور ظلم زیادتی نے سفید پوش طبقہ کو خودکشی کرنے پر مجبور کردیا ہے۔
حکمران اپنے فضول اخراجات اور سکیورٹی کے کارواں پر نظرثانی کرلیں اس طرح ماہانہ لاکھوں روپے کی بچت ہوسکتی ہے۔ وفاقی بجٹ کا اعلان ہوتے ہی غریب گھروں میں صف ماتم بچھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران اپنی عیاشیاں چھوڑ دیں اور اپنے مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے غریب عوام کی حالت زار پر ترس کھائیں، پیپلز پارٹی جمہوریت کے استحکام کے لیے حکومت کے ساتھ ہے مگر حکومت کو عوامی حقوق غصب کرنے کی اجاز ت نہیںدے سکتی عوام روز مرہ کی اشیائے ضروریہ کو مارے مارے پھر رہے ہیںمگر حکومت نے ایک سال میں غریب عوا م کے مسائل کے تدارک کے لیے کچھ نہیں کیا غریب عوام سے پیپلز پارٹی کا اٹو ٹ رشتہ قائم ہے پیپلز پارٹی عوام کو تنہا نہیں چھوڑ سکتی۔