لاہور (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کا ایک اور جھوٹ پکڑا گیا، پی ٹی آئی کی ترجمان شیریں مزاری کہتی ہیں جب تحریک انصاف ڈرون حملوں کے ذمہ دار سی آئی اے اسٹیشن چیف کا نام سامنے لائی تو جیو/جنگ گروپ نے کبھی بھی اس کا نام نہیں دیا۔
تحریک انصاف کی پریس کانفرنس جس میں سی آئی اے اسٹیشن چیف کا نام لیا گیا اس کی خبر 28 نومبر 2013 کو جنگ نے شائع کی اور 27 نومبر کو جیو نے بھی یہ خبرنشر کی۔ تحریک انصاف کی سیکریٹری اطلاعات شیریں مزاری نے ایک انٹرویو میں کہا کہ جب تحریک انصاف ڈرون حملوں کے ذمہ دار سی آئی اے اسٹیشن چیف کا نام سامنے لائی تو جیو/جنگ گروپ نے کبھی بھی اس کا نام نہیں دیا
شیریں مزاری کے الزام کا جواب دیتے ہوئے جنگ/جیو گروپ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی سیکریٹری اطلاعات شیریں مزاری کے بیان میں، سی آئی اے کے اسٹیشن چیف کا نام نہ دینے کی بات غلط ہے، جنگ اور دی نیوز میں سی آئی اے کے اسٹیشن چیف کا نام 28 نومبر 2013 کو شائع ہوچکا ہے اور جیو نے بھی ایک روز پہلے یعنی 27 نومبر 2013 کو سی آئی اے کے اسٹیشن چیف کا نام نشر کیا تھا۔ اس طرح پاکستان تحریک انصاف کا ایک اور جھوٹ پکڑا گیا۔