کراچی (جیوڈیسک) پاکستانی اداکار یاسر حسین نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدام کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر تمام پاکستانی فنکاروں سے درخواست کی ہے کہ وہ بھارت جاکر کام کرنے سے انکار کر دیں۔
بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم وبربریت اور خونریزی کے خلاف جہاں پاکستانی فنکاروں نے اپنی آواز بلند کی ہے، وہیں اداکار یاسر حسین نے تمام فنکاروں سے درخواست کی ہے کہ وہ مکمل طور پر بھارت کا بائیکاٹ کردیں۔
یاسر حسین نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے کہا ہے میں چاہتاہوں پاکستان کا ہر آرٹسٹ بولے کہ وہ انڈیا کے ساتھ کبھی کام نہیں کرے گا۔ کشمیر سے پیار بھی ہے اور انڈیا بھی جانا ہے؟ مطلب شوگر بھی ہے اور کیک بھی کھانا ہے۔
اس پوسٹ کے ساتھ یاسر حسین نے پیغام لکھا اب سب پاکستانی آرٹسٹ میرا احتساب کریں گے، لیکن مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا، مجھے پاکستان سے محبت ہے اور میں کشمیر کے لیے روتاہوں۔ میں مانتا تھا کہ آرٹ کی کوئی سرحد نہیں ہوتی مگر شاید اب ہوتی ہے، انہوں نے(بھارت نے) بنائی ہے اب ہم کو بھی بنانی ہوگی۔