آئندہ تین سال میں افغانستان کو برآمدات کا حجم 5 ارب ڈالر تک بڑھنے کا امکان

Exports

Exports

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت وسرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ آئندہ تین سال کے دوران افغانستان کو کی جانے والی برآمدات 5 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس حوالے سے ہدف مقرر کیا ہے۔ پاک افغان باہمی تجارت میں ٹرانزٹ ٹریڈ، باہمی تجارت اور غیر روایتی تجارت شامل ہیں تاہم اس تجارت کی دستاویز بندی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کی دوطرفہ تجارت میں فروغ کے لئے بنیادی ڈھانچے کی جدت بھی ضروری ہے۔ اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ مالی سال 2019ء کے دوران پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ 5.6 ارب ڈالر، دو طرفہ تجارتی 1.3 ارب ڈالر رہی ہے جو 2011ء کی 2.5 ارب ڈالر تجارت سے کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسی سال پاکستان اور افغانستان کی غیر روایتی تجارت 2ارب ڈالر رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں باہمی تجارت میں مزید اضافہ کیلئے وسیع امکانات موجود ہیں۔