43 سال میں پہلی بار ہاکی ورلڈ کپ کا میلہ پاکستان کے بغیر سجے گا

Pakistan Hockey

Pakistan Hockey

لاہور (جیوڈیسک) 13واں ہاکی ورلڈ کپ ہفتہ سے شروع ہو گا لیکن پاکستانی ٹیم 43 سال میں پہلی بار اس میگا ایونٹ میں شرکت نہیں کرے گی۔

ہالینڈ کے شہر ہیگ میں 31 مئی سے 15 جون تک جاری رہنے والے میگا ایونٹ میں 12 ٹیمیں شریک ہوں گی لیکن افسوسناک بات یہ ہے کہ 4 بار عالمی کپ کا اعزاز حاصل کرنے والی پاکستانی ٹیم پہلی بار کوالیفائی نہ کرنے کے باعث اس میں شرکت نہیں کرے گی۔

قومی کھلاڑی باہر بیٹھ کر ہی میچ دیکھیں گے جبکہ پاکستان ہاکی کے کرتا دھرتا اپنی کوتاہیوں اور بے بسی کا ملبہ دوسروں پر گراتے رہیں گے۔

عالمی کپ میں آسٹریلوی ٹیم اعزاز کا دفاع کرے گی جبکہ ایونٹ میں شریک ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ ’’اے‘‘ میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا، انگلینڈ، اسپین، بیلجیئم، ملائشیا اور بھارت شامل ہیں جبکہ گروپ ’’بی‘‘ میں جرمنی، ہالینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی کوریا، جنوبی افریقا اور ارجنٹائن کی ٹیمیں شامل ہیں، ایونٹ کے سیمی فائنلز 13 جبکہ فائنل 15 جون کو کھیلا جائے گا۔