کراچی (جیوڈیسک) پاکستان کے غیرملکی زرمبادلہ ذخائر تاریخ میں پہلی مرتبہ 21 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جمعرات کو جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق 25دسمبر کو زرمبادلہ کے ذخائر کی مجموعی مالیت 21 ارب 7کروڑ 39 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی، ایک ہفتے کے دوران مرکزی بینک کے ذخائر کی مالیت میں 55کروڑ 90لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر کی مالیت 15ارب 61کروڑ 30 لاکھ ڈالر سے بڑھ کر 16 ارب 17کروڑ 16لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئی۔
گزشتہ ہفتے کے دوران آئی ایم ایف سے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلیٹی کے تحت 50کروڑ ڈالر کی وصولی کے باعث زرمبادلہ کے ذخائر بلند ترین سطح پر پہنچ گئے، زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ عالمی مالیاتی اداروں سے لیے گئے غیرملکی قرضوں اور بانڈز کے اجرا سے حاصل شدہ سرمائے کے مرہون منت ہے، کمرشل بینکوں کے ذخائر 4 ارب 90 کروڑ 23لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئے ہیں۔