کراچی : جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور مرکزی جماعت اہل سنت کے نگران اعلیٰ شاہ محمد اویس نورانی صدیقی نے کہا ہے کہ دونوں فریقین ضبط کا مظاہرہ کریں، کسی بھی پراشتعال کاروائی یا سخت رویئے کی بناء پر دو ممالک کی عوام میں آپس میں نفرت پھیلی گی، حجاز مقدس تمام عالم اسلام کا مرکز ہے اور تمام اسلامی ممالک کا سربراہ بھی ہے۔
حج کے ایام میں کسی بھی غیر مناسب اقدام، بیان اور عمل ردعمل سے گریز کیا جائے، پوری اسلامی دنیا سے حجاج اس وقت حرمین میں موجود ہیں، تمام ممالک کو اپنے عازمین حج عزیر ہیں اور ہر ملک اپنے حاجیوں کی حفاظت کے لئے فکر مند ہوتا ہے مگر اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ کسی بھی حادثے کا بنیاد بنا کر یہ کہہ دیا جائے کہ حج کے نظام کو کسی عالمی ادارے کے حوالے کردیا جائے۔
یہ انتہائی سخت بات ہے، پھر اس کے ساتھ بھی یہ کہنا کہ سعودی حکومت اس حادثے کی ذمہ دارہے اور جرم میں ملوث ہے یہ الزام غیر معمولی ہے، اس سے اجتناب کیا جائے، جمعیت علماء پاکستان اس قسم کے الزامات اور بیانات کی بھرپور مذمت کرتی ہے اور اسے اتحاد بین المسلمین کے لئے زہر قاتل سمجھتی ہے، ہمارے نزدیک اس معاملے کا حل گزشتہ سال ہونے والے حادثے کی تحقیقی رپورٹ کا منظر عام پر آنا ہے۔
اگر حادثے کی رپورٹ منظر عام پر آجاتی ہے تو تمام الزامات دم توڑ دینگے اور کسی کو یہ جرات نہیں ہوگی کہ وہ آئندہ اس طرح کے رویئے اور سلوک کو رواں رکھے، جمعیت علماء پاکستان کی جانب سے ملک بھر سے جانے والے جے یو پی کے عازمین حج سے رابطے کئے گئے اور انتظامات پر گفتگوکی گئی ، اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور مرکزی جماعت اہل سنت کے نگران اعلیٰ شاہ محمد اویس نورانی صدیقی نے کہا کہ گزشتہ کئی سال سے حج کے مناسب اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
بعض مسائل تھے جنہیں ٹیکنالوجی نے حل کردیا ہے،حادثہ محض اتفاقی غلطیوں کی بنیاد پر رونما ہوتا ہے، کوئی بھی شخص یا ملک کئی ہزار عازمین حج کے ساتھ کسی حادثے کی باقائدہ منصوبہ بندی نہیں کرسکتا ہے، حرمین کی حفاظت اور حج کے اقدامات اسلامی ممالک بلخصوص سعودی حکومت بہتر کر سکتے ہیں کسی غیر کے حوالے کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے، یہ نا مناسب رویہ اور الزامات ہیں، دنیا بھر کے حجاج کرام انتظامات سے مطمئن ہیں۔
سعودی حکومت حج کے انتظامات پر بھرپور توجہ دے اور منفی پروپگینڈا کی پروہ نہ کرے، انشاء اللہ حج تمام تر ذمہ داریوں کے ساتھ مکمل ہوجائے گا، کراچی میں گزشتہ روز ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کی کامیابی پر اظہار خیال کرتے ہوئے شاہ محمد اویس نورانی صدیقی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو مبارک باد پیش کرتے ہیں، کراچی میں ظلم کا سومناتھ تباہ ہوگیا، کراچی کے ووٹر نے ثابت کردیا کہ وہ دہشت گردوں کے ساتھ نہیں ہیں۔
امید کرتے ہیں 2018کے انتخابات میں بھی فوج، رینجرز ااور پولیس ایسا ہی کردار ادا کرے گی، اس موقع پر جمعیت علماء پاکستان صوبہ سند ھ کے سینئرنائب صدر عبدالمجید اسماعیل نورانی اور صوبہ سند ھ کے جنرل سیکرٹری مولانا شفیق قادری بھی موجود تھے۔