لاہور : پاکستان کے سب سے بڑے پراپرٹی پورٹل زمین ڈاٹ کام کی جانب سے ‘زمین ڈاٹ کام پراپرٹی ایکسپو ‘کا انعقاد 10 اور 11 دسمبر کو ایکسپو سنٹر’جوہر ٹاؤن لاہور میں کیا جائے گا۔ اس نمائش میں ملک بھر سے 100 سے زائد نمائش کنندگان شرکت کریں گے جہاں وہ اپنے منصوبے عوام الناس کے سامنے پیش کریں گے۔ اس دو روزہ پراپرٹی ایکسپو میں ہر خاص و عام کا داخلہ بالکل مفت ہو گا۔ شرکاء کی مزید دلچسپی کیلئے کھانے پینے کے مختلف اسٹالز کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔ زمین ڈاٹ کام کی جانب سے یہ اس سال کا چوتھا بڑا پراپرٹی ایکسپو ہے۔
ایکسپوکے منتظمین کی کمیٹی سے گفتگو کرتے ہوئے زمین ڈاٹ کام کے سی ای او ذیشان علی خان نے کہا کہ ہم نے اس سال کے آغاز میں تین فقید المثال اور کامیاب پراپرٹی ایکسپو زکا انعقاد کیا تھا اوراب سال کے اختتام پر ایک مرتبہ پھر سے پاکستان بھر میں پراپرٹی ایکسپو کا انعقادکرنے جا رہے ہیں’جس کا آغاز لاہور سے ہو رہا ہے۔ لاہور میں منعقد ہونے والے گزشتہ ایکسپو میں پچپن ہزار سے زائدافراد نے شرکت کی تھی اور ہمیں یقین ہے کہ اب مزید شرکاء اس شاندار ایکسپو میں آئیں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ہم ایک ہی سال میں پانچ ایکسپوز کا انعقاد کر کے جہاں ایک انفرادیت قائم کریں گے وہیں کامیابی کی ایک نئی داستان بھی رقم ہوگی۔ دو روزہ پراپرٹی ایکسپو کا آغاز ہفتہ 10دسمبر کو 10بجے ہوگا۔
زمین ڈاٹ کام کی بنیاد 2006ء میں علی خان برادران نے ڈالی تھی’اس پراپرٹی کی ویب سائٹ نے گزرتے وقت کے ساتھ اہم کامیابیاں اپنے نام کی ہیں۔آج اس ادارے کے پاکستان کے 11شہروں میں دفاتر ہیں’ ادارے کی موجودگی 30اہم شہروں میں ہے جبکہ 700قابل افراد پر مشتمل ٹیم موجود ہے۔ ویب سائٹ کے ساتھ تقریباً 11ہزار اسٹیٹ ایجنٹس کام کر رہے ہیں جب کہ اس ویب سائٹ کے ماہانہ وزٹ 35لاکھ ہیں۔