افغانستان (اصل میڈیا ڈیسک) افغانستان 2005 کے بعد سے دنیا میں سب سے زیادہ بچوں کی اموات ہونے والے ممالک میں سر فہرست ہے۔
اقوام متحدہ کے امدادی فنڈ برائے اطفال کیی جانب سے دیے گئے بیان کے مطابق افغانستان میں گزشتہ 16 برسوں میں تشدد کے باعث جان کی بازی ہارنے والے اور زخمی ہونے والے بچوں کی تعداد 28 ہزار 500 تھی۔ جو کہ دنیا میں بچوں کی اموات کا 27 فیصد بنتی ہے، اس طرح افغانستان 2005 کے بعد سب سے زیادہ بچوں کی اموات والا ملک بن گیا ہے۔
بیان میں اس بات پر زور دیا گیا کہ پوری دنیا بالخصوص افغانستان میں بچوں کو تشدد سے بچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جانی چاہیے۔
2021 کے پہلے چھ مہینوں میں ملک میں جنگ اور تشدد میں 460 سے زائد بچے جان بحق جبکہ سینکڑوں زخمی ہوئے۔
بیان میں کہا گیا کہ مسلح تصادم کے نتیجے میں بچوں کی ہلاکتوں کے جاری رہنے اور جنگ سے بچ جانے والے گولہ بارود کے پھٹنے پر تشویش ہے۔
افغانستان میں تقریباً 40 سال سے جاری تنازعہ سے خواتین اور بچے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔
یونیسیف کی جانب سے 20 نومبر کو جاری کردہ ایک بیان میں خبردار کیا گیا تھا کہ ملک میں 14 ملین افغان بچے غذائی قلت کے خطرے سے دوچار ہیں اور ان میں سے 10 لاکھ کی زندگیوں کو خطرہ لا حق ہے۔