اس برس کپاس کا پیداواری ہدف حاصل کرنا ممکن نہیں : کاٹن جنرز

Cotton

Cotton

کراچی (جیوڈیسک) کپاس کا پیداواری ہدف حاصل کرنا مشکل ہو گیا، کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ کم پیداوار کی وجہ موسمیاتی تبدیلی نہیں، ذمہ دار حکومت ہو گی۔

لگتا ہے نیا سیزن کپاس کے کاشتکاروں کے لئے گذشتہ سیزن سے کچھ مختلف نہ ہو گا اور پیداور کے اہداف حاصل کرنا بھی تقریبا نا ممکن ہی رہے گا۔

چئیرمین کاٹن جنرز ایسوسی ایشن شہزاد علی خان کا کہنا ہے کہ کپاس کے کاشتکاروں کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے ، روزانہ 16 سے 18 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جبکہ مارکیٹ میں ناقص بیجوں کی فروخت دھڑلے سے جاری ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ گذشتہ سیزن کی طرح کپاس کی کم پیداوار کی وجہ موسمیاتی تبدیلی نہیں بلکہ حکومت کی ناقص پالیسی ہو گی۔

دوسری جانب چین اور بھارت میں کپاس کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ایک ہفتے کے دوران مقامی مارکیٹ میں میں بھی کپاس کی فی من قیمت 100 روپے اضافے سے 5900 روپے ہو گئی ہے۔