لاہور (جیوڈیسک) الیکشن 2018 کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہوگیا، انتخابی میدان سجنے سے قبل سیاسی جماعتوں نے اپنی اپنی جیت کے دعوے کر دیئے۔ پولنگ ڈے میں صرف ایک دن باقی رہ گیا، پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک جاری رہے گا۔
یاد رہے عام انتخابات کیلئے پارلیمنٹ کی 272 میں سے 270 نشستوں پر امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا، ملک بھر میں 85 ہزار 252 پولنگ اسٹیشن جبکہ 2 لاکھ 41 ہزار 132 پولنگ بوتھ قائم کئے گے ہیں۔ جس میں سے 17 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنوں کو انتہائی حساس قرار دیا گیا، 70 پولنگ اسٹیشنز پر کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر میں 10 کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار 409 افراد حق رائے دہی استعمال کرینگے، جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 5 کروڑ 92 لاکھ 24 ہزار 263 اور خواتین ووٹرزکی تعداد 4 کروڑ 67 لاکھ 31 ہزار 146ہے۔ پنجاب کی 141، سندھ کی 61، خیبرپختونخوا کی 39، بلوچستان کی 16، فاٹا کی 11 اور اسلام آباد کی 3 نشستوں پر مقابلہ ہوگا۔
انتخابات میں تحریک انصاف، مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی سمیت کل 122 سیاسی و مذہبی جماعتیں حصہ لے رہی ہیں، قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے لیے 3675 امیدوار میدان میں ہیں۔ اس سلسلے میں ملک بھر میں فوج اور پولیس سمیت 8 لاکھ اہلکار بھی فرائض انجام دینگے۔
الیکشن کمیشن نے پولنگ سٹاف کو ضروری ہدایات بھی جاری کیں، ہدایات میں کہا گیا کہ سینئر پریزائیڈنگ آفیسر کی وہی ڈیوٹی ہے جو اے پی او (اسسٹنٹ پریزائیڈنگ آفیسر ) کی ہے، لیکن اس کی اضافی ذمہ داری یہ ہے کہ وہ پریزائیڈنگ آفیسر کا قائم مقام بھی ہے اور فارم 45 اور 46 پر اس کے بھی سائن ہوں گے۔
اس طرح کسی غلطی یا کوتاہی کی سزا پریزائیڈنگ آفیسر کو تو ملے گی مگر سینئر آفیسر بھی اس سے نہیں بچ سکے گا۔ اگر کوئی ووٹ گم ہو جائے تو اسے ضائع شدہ ووٹ شمارکیا جائیگا مگر اس سلسلے میں سینئر پی او کوشش کرے گا کہ ایسا نہ ہو۔
جو ووٹر بھی سکرین پر جا کر مہر لگائے واپسی پر سینئر آفیسر نوٹس لے گا کہ آیا اس نے ووٹ بیلٹ باکس میں ڈالا بھی ہے یا نہیں کیوں کہ کچھ لوگ اپنا ووٹ باہر کسی ایسے شخص کو سٹیمپ دکھانے کے لیے بھی لے جاتے ہیں جس سے اس نے کوئی وعدہ کیا ہے یا پیسے وغیرہ لیے ہوتے ہیں۔
بہتر یہ ہے کہ APO بیلٹ پیپر جاری کرتے وقت ووٹر کا شناختی کارڈ اپنے پاس رکھ لے اور جب تک ووٹر اپنا ووٹ بیلٹ باکس میں نہ ڈالے تب تک اس کو نظر میں رکھے اور شناختی کارڈ واپس نہ کرے۔
الیکشن کمیشن کی طرف سے اسسٹنٹ پریزائیڈنگ آفیسر کو تفویض کی گئی ذمہ داریوں میں کائونٹر فائل میں شناختی کارڈ نمبر درج کرنا، ووٹ نمبر کا اندارج، مرد یا عورت لکھنا، نام الیکٹورل ایریا (گاؤں کا نام)، ووٹر کا نشان انگوٹھا لگوانا، کائونٹر فائل کے سامنے کی طرف مہر لگانا اور دستخط کرنا شامل ہیں۔