سال 2014 میں ایران کے ساتھ تجارت میں 80 کروڑ ڈالر کے گھپلے کا انکشاف

Trade

Trade

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان بزنس کونسل کے مطابق سال 2014 میں ایران کے ساتھ ہوئی تجارت میں 80 کروڑ ڈالر کا گھپلہ نظر آتا ہے۔

پاکستان بزنس کونسل کے مطابق ایران پر سے تجارتی پابندیاں ہٹنے کے بعد پاک ایران تجارت کو فروغ مل سکتا ہے ۔ اس حوالے سے دونوں ممالک کے لیے ضروری ہے کہ ٹریڈ ہونے والی اشیاء کی مالیت کا درست اندازہ لگاتے ہوئے انڈر انوائسنگ کے ناسور کو ختم کیا جائے۔

سال 2014 میں ایران کے مطابق 84 کرور ڈالر مالیت کی اشیاء پاکستان نے خریدی لیکن پاکستانی کسٹمز کے مطابق ایران سے امپورٹ ہونے والی مصنوعات کی مالیت ساڑھے 18 کروڑ ڈالر ہے۔

اسی طرح ایران کہتا ہے کہ اس نے پاکستانی تاجروں سے سال 2014 میں ہی 26 کروڑ ڈالر مالیت کی مصنوعات خریدی جبکہ پاکستان کے ایکسپورٹ کے اعداد و شمار کے مطابق ایران کو بیچے گئے سامان کی مالیت 4 کروڑ ڈالر کے قریب ہے۔ اس طرح 80 کروڑ ڈالر کی تجارت ریکارڈ میں نہ آنے سے قومی خزانے کو ڈیوٹیز کی مد میں نقصان پہنچا ہے۔