اسلام آباد (جیوڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ آزادی کے اڑسٹھ برس بعد بھی اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کا ایجنڈا نامکمل ہے ، وقت آن پہنچا ہے کہ ظالم اور مفاد پرست سیاسی اشرافیہ کے سامنے سرنگوں ہونے کی بجائے ان کا قبلہ درست کیا جائے ۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے یوم قائد کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ پوری قوم آزاد اسلامی مملکت کے قیام پر قائد اعظم کی احسان مند ہے ، جنہوں نے انتہائی نازک دور میں برصغیر کے مسلمانوں کی قیادت کا حق ادا کیا ۔
عمران خان کا کہنا ہے کہ اسلامی اصولوں کی روشنی میں عدل و انصاف کے نظام کے قیام کیلئے آزاد مملکت حاصل کی گئی ۔ عدل و انصاف پر مبنی نظام کے قیام کے بغیر معاشرتی تفریق کا خاتمہ ممکن نہیں اس لئے آزادی کے اڑسٹھ برس بعد بھی اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کا ایجنڈا نامکمل ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ وطن عزیز کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کیلئے قائد کے افکار کی روشنی میں حل تلاش کیا جائے ۔ وقت آن پہنچا ہے کہ ظالم اور مفاد پرست سیاسی اشرافیہ کے سامنے سرنگوں ہونے کی بجائے ان کا قبلہ درست کیا جائے ۔ عمران خان نے قائد اعظم اور دیگر بانیان پاکستان کے بلندی درجات کی دعا کی ہے ۔