نیا سال، پرانا عزم!

Happy New Year

Happy New Year

تحریر : قادر خان افغان
سال 2016ء بھی اپنے اختتام کو پہنچا ۔عیسوی سال نت نئے انداز کے ساتھ منایا جاتا ہے جبکہ ہجری سال کا پہلا دن مسلم امہ ، سیدنا حضرت عمر فاروق اعظم رضی اللہ تعالی عنہ کی شہادت کے عظیم سانحے کے طور پر ایثار و جذبے کے تحت خلیفہ اسلام اور خلافت راشدہ کے عظیم سربراہ دوئم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مناتی ہے۔ کتنا فرق ہے ، ان دو نوں سال نو میں ، جب صلیبی سال کا آغاز ہوتا ہے تو خرافات، شراب و شباب کی محافل، رقص و سرور کی مغربی اندھی تقلید اور فحاشی کی تمام حدود کو پھلانگتے ہوئے،نقالی ِ صلیب میں اپنی اسلامی و معاشرتی ثقافت و روایات کو سر عام پامال کرتے ہوئے “خوشی”حاصل کرنے لئے مصنوعی طریقے اور کاک ٹیل پارٹیوں میں نشے میں دھت ہوکر بے حسی و بے شرمی کے مظاہرے کرکے طبقاتی تفریق میں بھی مزید خلیج پیدا کردی جاتی ہے ۔ دوسری جانب اسلام میں ہر دن مبارک قرار دیا گیا ، کسی دن کے لئے نحوست نہیں ، کوئی دن یوم سوگ نہیں ، البتہ اللہ تعالی نے قرآن کریم میں خصوصی طور پر دوتہوراوں کو یوم تشکر کے طور پر منانے کے احکامات دیئے، جن میں رمضان المبارک کے ایام ہیں تو جشن نزول قرآن اور ماہ صیام کے بعد شکرانے کے طور پر عید الفطر ۔قرآن کریم میں ایام حج کا ذکر ہے تو اس کے ساتھ ہی سنت ابراہیمی کومسلم امہ ایثار، قربانی اور بھائی چارے کیلئے عید الاضحی کے طور پرمناتے ہیں۔

غم کیلئے کوئی دن مخصوص نہیں ، اور کسی دن کو کسی دوسرے دن پر فوقیت بھی حاصل نہیں ہے۔ یوم جمعہ ،کی نسبت سے حکم ہے کہ جب جمع ہونے والے دن بلایا جائے تو سب دنیاوی کاروبار مشاغل چھوڑ کر اکھٹے ہوجائیں لیکن صلوة ِ جمع ہونے کے بعد کاروبار زندگی میں دوبارہ مشغول ہونے کی اجازت ہے ، باقی جو تہوار منائے جاتے ہیں، ایسے کوئی بھی رنگ دار عینک پہن کر خود کو ہی دھوکہ دیتے ہیں۔نظام اسلام میں جو تصورات ہیں ، ان سے مبرا کوئی بھی اقدام انسانی خواہش تو ہوسکتا ہے ، لیکن فرمان خداوندی نہیں۔گو کہ عیسوی سال ِ نو منانا صلیبی اقدارکی تقلید ہے لیکن اخلاقی دائرے میں رہتے ہوئے ہلڑ بازی اور غیر اخلاقی محافل و حرکات کے بغیر، کوئی بھی دن ، خوشی کے نام پر منانے میں کوئی قباحت نہیں ۔ چونکہ چلن آنکلا ہے کہ ہم شمسی سال کے حساب سے پیدا ہوتے ہیں ،اور شمسی سال کے حساب سے مرتے ہیں ، اس لئے ہمیں قمری سال کے حوالے سے صرف اتنا معلوم ہے کہ پشاور اور کراچی میں ایک ساتھ روزے رکھے جائیں گے یا نہیں ، عید ایک ساتھ منائی جائیگی یا نہیں ؟۔

باقی ہم قمری سال کے مزید ایام اپنے اپنے مسلک کی بنیاد پر جوش و خروش سے مناتے رہتے ہیں۔اس پرکوئی اختلافی رائے نہیں دینا چاہتا ، کیونکہ ہر شخص کو اپنے اعمال کا جواب اللہ تعالی کو خود دینا ہے ، ایسے عقل و شعور رب کائنات نے دیا ہے کہ وہ خود اپنے عقل سلیم کو استعمال کرکے سوچے کہ وہ کس راہ پر ہے۔لیکن معاشرے میں ایک جماعت ضرور ایسی ہونی چاہیے جو اُن افراد یا اقوام کودین اسلام کے نظام کی اصل روح سے آگاہ کرے اور یہ کسی فرد واحد یا مجھ جیسے کم علم کا کام نہیں بلکہ ریاست کاہے۔تاہم بنی نوع انسان خوش قسمت ہیں کہ دور جدید میں قرآن کریم کے تراجم، تفاسیر و لغات ہر زبان میں موجود ہیں ، اور اللہ تعالی اپنی کتاب میں واضح فرماتا ہے کہ کیا تم قرآن کریم میں غور و فکر نہیں کرتے، کیا تمھارے دلوں پر تالے پڑے ہوئے ہیں ، اللہ تعالی نے ایسے لوگوں کو کائنات کی ہر ذی حیات سے بدتر قرار دیا ہے۔

Law

Law

مجھ جیسا کم علم اگر کسی مسئلے میں الجھتا ہوں تو اہل علم سے رابطہ کرتا ہوں،اگر قانونی معاملات ہوں تو عبوری دور کے اس نظام کے تحت قانونی ماہرین سے رابطہ کرتا ہوں ، معاملات اگر طب سے متعلق ہوں ، شعبہ طب سے وابستہ ماہرین کی جانب میرے قدم اٹھتے ہیں۔رزق کا حصول ہو تو صبح تا شام اپنے فرائض کی سر انجام دہی کیلئے سرگرداں ہوتا ہوں ۔دنیا سے بے رغبتی و گوشہ نشینی کے بجائے اللہ تعالی کے دیئے گئے احکامات پر عمل پیرا ہونے کی حتی المقدور کوشش اور اپنی غلطیوں کے استغفار کیلئے کسی مخصوص دن کا انتظار نہیں کرتا، انسان غلطی کا پتلا ہے ، اس لئے کسی بھی امر میں اپنی دانستہ یا غیر دانستہ غلطی پر معافی مانگنے میں لمحہ برابر دیر نہیں کرتا۔ اس بات پر یقین رکھتا ہوںکوئی انسان کسی دوسرے انسان کے اُس رزق کو جو اللہ تعالی نے اس کی محنت کے عوض مقرر کردیا ہے ، چھین نہیں سکتا۔

اسی طرح کوئی انسان کسی دوسرے انسان کی صلاحیتوں سے فائدہ یا نقصان تو اٹھا سکتا ہے لیکن اس کی صلاحیتوں پر قابض نہیں ہوسکتا ۔بیشتر انسان اپنی پیشہ وارانہ رقابت کی سر انجام دہی میں خیانت کے مرتکب ہوتے ہیں کہ وہ اُن امور میں اپنے تئیں رکائوٹیں پیدا کرتے ہیں ، تاکہ عدم برداشت کی وجہ سے دوسرا شخص کوئی ایسا عمل کر گذرے جو اُس خیانت دار شخص کیلئے ذہنی یا جسمانی تکلیف کا سبب بن جائے۔لیکن میں اس بات پر یقین رکھتا ہوں کہ سامنے اپنی منزل کا پتہ موجود ہے ، اس لئے راستے کے ان جھوٹے پتھروں کو خاطر میں نہیں لاتا ، بلکہ نظر ہمیشہ ستاروں پر کمند ڈالنے پر مرکوز رہتی ہے۔اور ہم جیسوں روایت پسند ,قوم پرستوں کیلئے تو مشہور ہے کہ” پختون کو محبت سے جہنم جانے کو کہو تو وہ چلنے پر تیار ہوجاتا ہے ، زبردستی تو اُسے جنت بھی کوئی نہیں لے جا سکتا”۔

کبھی کھبار اس بات پر حیرت بھی ہوتی ہے کہ کسی فرد کو ذاتی یا پیشہ وارانہ امور میںنقصان نہ پہنچانے کے باوجود اُس کی سیاہ بخت ، کینہ ، حسد و رقابت کی روش تبدیل نہیں ہو تی ، اگر خوئے پختون کے مطابق ردعمل دے دوں تو حسد سے جل کر خاک ہونے والوں کی خاکستر بھی نظر نہ آئے۔ لیکن یہاں میں رب تعالی کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اُس نے مجھ میں برداشت کی قوت پیدا کی ،صبر کا مادہ میرے وجود میں اُس وقت سے حلول ہوا ، جب شاہکار رسالت حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالی کی سیرت کا غیر جانبدارنہ مطالعے کا اثر اپنے دل میں محسوس کیا۔

Hazrat Muhammad PBUH

Hazrat Muhammad PBUH

مجھ جیسا گناہ گار ،عظیم شخصیات سے اپنا تقابل کا تصور بھی نہیں کرسکتا ، لیکن اسوہ حسنہ پر چلنے کا حوصلہ نبی اکرم رحمت دو عالم حضرت محمدمصطفی صلی اللہ علیہ وسلم ، اور اصحاب رسول ۖ کی مقرب ہستیاں خلفا راشدین اور ان میں میرے آئیڈیل فاروق اعظم ، حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالی عنہ کی ذات مبارکہ کی وجہ سے پیدا ہواہے۔جن کی سیرت اور اسلام کیلئے خدمات تمام دنیا کیلئے بلا امتیاز مشعل راہ ہیں۔ شمسی سال کے نئے سال کے ہردن کو اسی مناسبت سے لکھتا ضرور ہوں ، لیکن اسلام کا عظیم سانحہ محرم الحرام کی پہلی تاریخ ،شہادت فاروق اعظم رضی اللہ تعالی عنہ کی عظیم قربانی کی یاد میں منانا نہیں بھولتا۔اپنی چند روزہ زندگی میں عدم تشدد کے پیروکار باچا خان بابا محترم خدائی خدمت گار خان عبدالغفار خان کی شخصیت سے سیاسی اثرات سے متاثر ہونے کا اثر ابھی تک مجھ میں موجود ہے ، جو میری لسانی جبلت پر حاوی ہوکر مجھے سیاست کے بعد صحافت میں بھی اپنے جذبات پر قابو رکھنے کے لئے معاون مددگار ہے۔

پاکستانی سیاسی میدان میں اپنے اہداف کی تمام کامیابیوںکے باوجود سیاسی میدان سے الگ ہوکر صحافت میں پہچان بنانے میں ایک عشرہ بیت گیا۔گو کہ میں نے اپنے اُن احباب کو اپنے ایک فیصلے سے انتہائی ناراض کردیاجو مجھ سے محبت کرتے تھے ، لیکن اس فیصلے نے دور رس نتائج بھی دیئے ۔ تاہم اپنے اُس فیصلے پر میں آج بھی شرمندہ ہوں اور تمام احباب سے معافی کا خواستگار ہوں۔کیونکہ میرا وہ کمزور فیصلہ ، جذباتی تھا اور مجھے ہمیشہ جذباتی فیصلوں نے ہی نقصان دیا ۔ایسے ہی جذباتی فیصلے صحافت میں بھی نقصان کا سبب بنے ۔جس طرح سیاسی آغاز ایک سیاسی اونچی سطح سے شروع ہوا ، اُسی طرح صحافت کا آغاز قلمی نام کے ساتھ بغیر سفارش پاکستان کے بڑے میڈیا ہائوس سے شروع کیا تاکہ کل کوئی یہ نہ کہے کہ سیاسی تعلقات کا فائدہ اٹھایا۔

تاہم بلاجواز رقابت میںمخالفین ، حسد کرنے والوں کی سوچ و کردار دونوں میدانوں میں یکساں پایا ، لیکن میری روش و تربیت وہی خدائی خدمتگار والی تھی ، جس نے مجھے استقامت و حوصلہ دیئے رکھا۔سال نو پر انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کی بنا ء پر کافی سہل ہوجاتا ہے کہ آپ کے احباب برقی مراسلات ارسال کردیتے ہیں۔ میں نے بھی اس موقع پر ایک پوسٹ کو اپنی سوشل میڈیا کی سائٹ پر دو روز کیلئے جگہ دی ۔چونکہ ہر انسان اپنے لفظوں سے اپنے جذبات کا اظہار کرتا ہے ، اس لئے میں نے بھی عدم تشدد کی ہر دوقسم کا عہد کرتے ہوئے اپنے اس عزم کو دوہرایا کہ ۔۔اپنے خلاف باتیں ۔۔خاموشی سے سنتا ہوں
جواب دینے کا حق ۔۔وقت کو دے رکھا ہے

Qadir Khan

Qadir Khan

تحریر : قادر خان افغان