الحدیدہ (جیوڈیسک) یمن میں قانونی حکومت کی حمایت کرنے والے عرب اتحاد نے کہا ہے کہ حوثی ملیشیا نے ساحلی شہر الحدیدہ اور اس کے نواحی علاقوں میں گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران میں 14 مرتبہ جنگ بندی سمجھوتے کی خلاف ورزی کا ارتکاب کیا ہے۔
عرب اتحاد نے ہفتے کی شام ایک بیان میں کہا کہ ’’حوثی ملیشیا نے جنگ بندی سمجھوتے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہر طرح کے ہتھیار چلائے ہیں۔ان میں بیلسٹک میزائل ، مارٹر گولے ، راکٹ گرینیڈ اور کاتیوشا راکٹ شامل ہیں‘‘۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’ حوثی دہشت گرد ملیشیا نے الحدیدہ میں سیز فائر کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔اس نے الحدیدہ کے مختلف علاقوں کے علاوہ اضلاع الدریہمی ، التحیتا ، حیس ،الفازہ اور الجبلیہ میں یہ خلاف ورزیاں کی ہیں‘‘۔
حوثی ملیشیا نے سویڈن میں اقوام متحدہ کی ثالثی میں مذاکرات کے بعد طے شدہ جنگ بندی سمجھوتے کی یہ خلاف ورزیاں ایسے وقت میں کی ہیں جب الحدیدہ میں سیزفائر کی نگرانی کرنے والے اقوام متحدہ کے مشن کے سربراہ کی جنوبی شہر عدن کے ہوائی اڈے پر آمد ہوئی تھی۔