یمن :دارالحکومت میں محصور پاکستانیوں کو صنعا اسکول پہنچنے کی ہدایت

Yemen

Yemen

صنعا (جیوڈیسک) ہزاروں کی تعداد میں پاکستانی یمن میں بھڑک اٹھنے والی جنگ کے باعث پھنس کر رہ گئے ہیں۔

یہ پاکستانی یمن کے مختلف شہروں میں مختلف شعبہ ہائے زندگی میں اپنے فرائض انجام دے رہے تھے۔یمن میں سعودی عرب اور اتحادیوں کی حوثی باغیوں کے خلاف فضائی کارروائیاں جاری ہیں ۔جنگ کے باعث یہ تمام لوگ دیگر ملکوں کے شہریوں کی طرح پریشانی کا شکار ہیں۔

دارالحکومت صنعامیں بمباری سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ یمن کی فضائی حدود اس وقت مکمل طور پر اتحادی افواج کے کنٹرول میں ہے۔وہاں پھنسے پاکستانیوں کو نکالنے کیلئے سفارتخانے نے دارالحکومت صنعا میں پاکستانیوں کو مقامی اسکول پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔

کہا گیا ہے کہ وہاں سے انہیں قافلوں کی شکل میں قریبی شہر حدیدیا پہنچایا جائے گا۔ یمن کے شہر صنعا میں موجود پاکستانی خاتون ہما سکندر کا کہنا ہے کہ پاکستانی کمیونٹی کو انخلا کیلئے جو روٹ دیا گیا ہے، وہ بہت طویل اور خطرناک ہے۔

پاکستان کے ایک اور شہری علی حسن نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ پاکستانی گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں،رات بھر زبردست بمباری ہوئی،سفارتخانے سے رابطے میں ہیں پر ابھی تک کچھ نہیں بتایا گيا۔