واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے تمام فریق کی جانب سے یمن میں جنگ بندی پر رضامندی کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے، جو قابل تجدید ہوگی، جس کا اعلان ہفتے کے روز کیا گیا، جس کی ابتدا 48 گھنٹوں کی جنگ بندی سے کی گئی ہے۔
اتوار کے روز اپنے بیان میں، وزیر خارجہ نے تمام فریق پر زور دیا کہ وہ اپنا عہد پورا کریں، جس کی مدد سے انسانی ہمدردی کی نوعیت کی امداد کی رسائی میں مدد ملے گی اور امن بات چیت کے لیے صورت حال پیدا کرنے میں مددگار ہوگی۔
اُنھوں نے کہا ہے کہ امریکہ یمنی عوام کی مدد کے لیے تیار ہے اور اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی اسماعیل ولد شیخ احمد کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے، جس میں اقوام متحدہ کی جانب سے فراہم کردہ نظام الاوقات کی بنیاد پر فریق کو بات چیت کے لیے کہا گیا ہے۔
اُنھوں نے کہا کہ اس تنازع کے پائیدار اور دیرپہ تصفیے کے لیے ضروری ہے کہ سمجھوتا اور رعایتیں دی جائیں، جب کہ ”ہم تمام فریق پر زور دیتے ہیں کہ وہ سمجھوتے تک پہنچیں، جس میں دھیان اپنے ملک کی بہتری اور یمنی عوام کے مستقبل کی بہتری پر مرکوز کیا جائے”۔