بیجنگ/ نئی دہلی (جیوڈیسک) یمن میں سعودی عرب اور اتحادیوں کی فضائی کارروائیاں جاری ہیں، پاکستان کے ساتھ ، چین اور بھارت نے بھی یمن میں پھنسے اپنے شہریوں کی واپسی کیلئے کوششیں تیز کر دی ہیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یمن کے دارالحکومت صنعا میں ایک بار پھر بمباری کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہےاور آج پانچویں روز بھی دھماکوں کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں ، دوسری طرف مختلف ممالک یمن میں پھنسےاپنے شہریوں کے بحفاظت نکالنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔
بھارت کی وزیر خارجہ سشما سوراج کا کہناہے کہ بھارت اپنے 500 شہریوں کی جلد ازجلد واپسی کیلئے فضائی،زمینی اور بحری راستے استعمال کرر ہا ہے، صنعا سے گذشتہ روز بھی 80 بھارتی شہریوں کو نکالا گیا تھا ،سمندر ی راستے سے شہریوں کے انخلا کیلئے بحری جہاز بھیجا جارہا ہے۔
جبکہ بھارتی ایئرلائن کا ایک طیارہ صنعا جانے کیلئے مسقط میں کلیئرنس ملنے کا منتظر ہے ،چین کی وزارت خارجہ کے مطابق 122 شہریوں پر مشتمل پہلا گروپ یمن سے بحفاظت افریقی ملک جبوتی روانہ ہوگیا ہے، جبکہ یمن میں پھنسے چین کے مزید 500 شہریوں کیلئے تین بحری جہاز روانہ کر دیئے گئے ہیں۔