یمن (اصل میڈیا ڈیسک) یمنی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل عبدو مجلی نے یمن کے شمال مغرب میں حجہ گورنری کے شمال میں واقع اسٹریٹیجک شہر حرض کے 80 فیصد حصے کو حوثی باغیوں سے آزاد کروانے کا اعلان کیا۔
بریگیڈیئر جنرل مجلی نے ایک پریس بریفنگ میں کہا کہ پانچویں ملٹری ریجن میں فوجی دستے مسلسل آٹھویں دن حرض ڈاریکٹوریٹ کی زمین پر تیزی سے پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہیں، باغیوں کا مکمل گھیراؤ کر لیا گیا ہے سڑکوں پر آئینی فوج کی وفادار فورسز کا کنٹرول ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ فورسز نے سٹریٹجک کیمپ (المحصام)، الحصنین پہاڑوں اور المحصام پہاڑی کے مشرق میں واقع الھیجہ پہاڑی سلسلے اور ام الحصن، ام التراب اور الحمرا کے علاقوں کو بھی آزاد کرایا۔ شہر کے شمال مشرق میں واقع بین الاقوامی شاہراہ کا 70 کلومیٹر پر حکومتی فوج نے کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔ یہ شاہراہ حجہ اور الحدیدہ گورنریوں کو ملاتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری فورسز حرض شہر کی گہرائی میں ملیشیا کے باقی ماندہ ارکان سے نمٹ رہی ہیں۔ انجینئرنگ ٹیمیں سڑکوں، سرکاری تنصیبات اور شہریوں کے گھروں میں دہشت گرد ملیشیا کی جانب سے بچھائی گئی رکاوٹوں اور بارودی سرنگوں کو ہٹانے کے لیے کام کر رہی ہیں۔
یمنی فوج کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ عرب اتحاد نے درست فضائی حملے کیے ہیں جس میں حوثی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرز، سائٹس، میکانزم اور کمک کو تباہ کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ فوج اور جائنٹس بریگیڈز لڑاکا طیاروں کی مدد سے مآرب کے جنوب میں واقع حریب اور جوبا اضلاع کے درمیان باغیوں کے ٹھکانوں کو تباہ کرنے اوران علاقون کی آزادی کی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ہماری فورسز نے دو اضلاع کو ملانے والے اہم چوک کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے اور عبدیہ ڈاریکٹوریٹ میں الجفرہ اور آل ابو غانم کے علاقوں کو آزاد کرالیا گیا ہے۔
بریگیڈیئر مجلی نے بتایا کہ تعز گورنری میں مقبنہ محاذ پر جارحانہ کارروائیاں جاری ہیں جس میں قلعہ اور الاخلود کے بڑے علاقے سمیت تزویراتی مقامات کو آزاد کرالیا گیا ہےاور ملیشیا کو جانی اور مالی نقصان پہینچایا گیا ہے۔