پاکستان (جیوڈیسک) پاکستان کے بعد یمن نے بھی امریکہ سے ڈرون طیارے مانگ لیے، صدر عبدالرب منصور ہادی کا کہنا ہے کہ یمنی فوج ڈرون استعمال کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ صنعا پاکستان کے بعد یمن نے بھی القاعدہ سے لڑنے کیلئے امریکا سے ڈرون طیارے مانگ لئے ہیں۔ یمن کے صدر عبدالرب منصور ہادی نے صنعا میں پولیس کیڈٹس سے خطاب میں کہا کہ انھوں نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ القاعدہ سے نمٹنے کے لئے یمن کو ڈرون طیارے دیے جائیں۔
امریکی انتظامیہ سے اس ایشو پر بات کی ہے اور انھیں بتایا ہے کہ یمن کی فوج ڈرون استعمال کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ القاعدہ کے خلاف ڈرون حملے امریکا اور یمن کے درمیان تعاون کا حصہ ہیں۔ یمنی صدر نے مزید کہا کہ القاعدہ کے ارکان اپنے ہتھیار پھینک کر یمن کے پرامن شہریوں کی طرح ملک میں رہ سکتے ہیں، یمن کے دشمنوں کی طرح نہیں۔ بصورت دیگر ان کیخلاف آپریشن جاری رہے گا۔