عدن (جیوڈیسک) جنوبی یمن کے صوبہ شبوا میں ڈرون حملے میں القاعدہ کے 4 جنگجو ہلاک ہوگئے جبکہ عمر رسیدہ افراد کے لیے قائم مرکز پر مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں4 بھارتی راہبائوں سمیت16 افراد مارے گئے ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یمن کے صوبہ شبوا میں امریکی ڈرون طیارے نے ایک کارکو نشانہ بنایا جس میں سوارالقاعدہ کے 4 جنگجو ہلاک ہوگئے۔ مقامی حکام اور شہریوں کا کہنا ہے ڈرون حملہ کے بعد کار سے شعلے اٹھنے لگے۔واضح رہے کہ امریکہ کی جانب سے یمن کے مختلف علاقوں میں القاعدہ کے ٹھکانوں کا نشانہ بنایا جاتا ہے تاہم امریکہ ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کرتا ۔
دوسری جانب جنوبی یمن میں عمر رسیدہ افراد کے لیے قائم ایک مرکز پر فائرنگ کے نتیجے میں4 بھارتی راہبائوں سمیت16 افراد ہلاک ہو گئے ۔ عدن کے حکام نے بتایا کہ حملہ آوروں کی تعداد3 تھی اور ہلاک ہونے والوں میں 3 راہبائیں بھی شامل ہیں۔ ان مسیحی خواتین کا تعلق بھارت سے تھا جب کہ دیگر ہلاک ہونے والوں میں اس مرکز میں کام کرنے والی یمنی خواتین اور ایک محافظ بھی شامل ہے۔