یمن (اصل میڈیا ڈیسک) یمن کی وزارت مذہبی امور و اوقاف نے رواں سال کرونا وبا کی وجہ سے فریضہ حج کو سعودی عرب کے اندر تک محدود رکھنے کے اعلان کو شرعی مقاصد کے عین مطابق قرار دیا ہے۔
یمنی وزارت مذہبی امور کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی حکومت کی طرف سے وبا کی وجہ سے فریضہ حج کو مملکت کے اندر تک محدود کرنا قابل قدر فیصلہ ہے۔اس فیصلے کا مقصد انسانی جانوں کا تحفظ ، خطرات کا تدارک اور امراض سے بچائو ہے۔ اس طرح یہ فیصلہ شرعی مقاصد کے عین مطابق ہے۔
یمنی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر احمد عطیہ نے بات کرتے ہوئے کہا کہ سعودی وزارت حج کا حج محدود کرنے کا فیصلہ اس بات کا ثبوت ہے کہ سعودی عرب کرونا کی وبا کے دنوں میں حجاج کرام کی سلامتی اور تحفظ کا خواہاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی قیادت نے شاہ عبدالعزیز آل سعود سے آج تک حجاج کرام کی خدمت کے لیے لازوال مثالیں قائم کی ہیں۔ سعودی عرب نے دنیا بھر کے مسلمانوں کے ان کے رنگ ونسل کی تفریق کے بغیر فریضہ حج کو ممکن بنایا اور مسلک، رنگ، نسل اور کسی دوسری تفریق کے بغیر تمام حجاج کرام سے یکساں احترام کا سلوک کیا۔