یمن کو ایران کی طرف سے کھلی جارحیت کا سامنا ہے: الاریانی

Yemen Minister of Information Broadcasting

Yemen Minister of Information Broadcasting

یمن (اصل میڈیا ڈیسک) یمن کے وزیر اطلاعات و نشریات معمر الاریانی نے کہا ہے کہ ان کے ملک کو ایران کی طرف سے کھلی جارحیت کا سامنا ہے۔

ایک بیان میں معمر الاریانی نے کہا کہ آئینی حکومت اور اس کی وفادار فوج عرب اتحاد کے ساتھ مل کر وطن کے دفاع کی تاریخی جنگ لڑ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ایران کی ننگی جارحیت اک سامنا ہے جو یمن اور خطے کے دوسرے ممالک کا امن تباہ و برباد کرنا چاہتا ہے۔

معمر الاریانی نے خطے کی دوسری اقوام اور عرب ممالک پر زور دیا کہ وہ یمن میں ایران کی ننگی جارحیت پر خاموش تماشائی رہنے کے بجائے ایرانی مداخلت کے خلاف یمن کا ساتھ دیں۔

انہوں‌ نے کہا کہ ایران کی مداخلت علاقائی اور عالمی امن وسلامی کے لیے خطرہ ہے اور ہمیں مل کر ایران کی مداخلت کو روکنا ہو گا۔

درایں اثنا گذشتہ سوموار کو یمنی حکومت نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے ایران کی طرف سے یمن کے حوثی باغیوں کو اسلحہ کی اسمگلنگ کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔ حکومت نے ایران کی طرف سے آئینی حکومت کے بجائے حوثیوں کے ہاں اپنا سفیر تعینات کرنے کی مذمت کی اور اسے بین الاقوامی قوانین اور سلامتی کونسل کی قرارداد 2216 کی خلاف ورزی قرار دیا۔

خیال رہے کہ ایران نے 17 اکتوبر کو یمن میں غیرتسلیم شدہ حوثی حکومت کے ہاں اپنا سفیر مقرر کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ایران نے حسن ایرلو کو یمن میں حوثیوں کے ہاں اپنا سفیر مقرر کیا ہے۔