یمن میں شہیدہونے والے ان گنت بچوں اور عورتوں کی ہلاکت پر تشویش ہے، سیف الاسلام

Yemen Shaheed Children

Yemen Shaheed Children

کراچی: انجمن طلبہ اسلام کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری سیف الاسلام نے کہا کہ وائٹ بلاک اور بلیک بلاک کی اس جنگ میں کمزور مسلم ممالک عتاب کا شکار ہورہے ہیں، لیبیا، لبنان، اردن، تیونزیا، مصر، مراکش، عراق، افغانستان کی طرح یمن بھی دو شکاریوں کی چراگا ہ بن چکا ہے، تیل اور معدنیات کی ترسیل کے راستے کو صاف کیا جا رہا ہے تا کہ یورپ اور اسرائیل تک عرب تیل اور معدنیات بغیر کسی اضافی ٹیکس کے پہنچایا جا سکے۔

سعودی حکومت اور ایران کا کردار اس وقت ایک نئی عالمی جنگ کو ابھار رہا ہے، اگر عالمی جنگ نہ بھی ہو تو شیعہ اور وہابی مسلمانوں کی عالمی جنگ ضرور شروع ہو جائیگی۔ دو بڑے لوگوں کی لڑائی میں ایک تیسرا بڑا آدمی ان کی تباہی کا انتظار کر رہا ہے تا کہ تمام خلیجی اور وسطی ایشیائی مسلم ممالک میںنیٹو کی امن مشن کے نام پر فوجی بیرک اور کالونیاں بنائی جا سکیں۔

انجمن طلبہ اسلام اشد ضرورت محسوس کرتی ہے کہ او آئی سی کا اجلاس بلایا جائے اور اس میں ورلڈر علماء فیڈریشن اور ورلڈ اسلامک مشن کی اعلیٰ سطح قیادت کو بھی مدعو کیا جائے تا کہ ماضی میں عراق ایران جنگ، عراق کویت جنگ، اور عراق سعودی جنگ میں ثالثی کا اہم کردار ادا کرنے والی جمعیت علماء پاکستان اور ورلڈ اسلامک مشن پھر سے مسلم امت کو ایک سکیں اور اس جنگ کو ختم کرواسکیں، انجمن طلبہ اسلام کے ڈویژنل اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے انجمن طلبہ اسلام کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری سیف الاسلام نے کہا کہ یمن میں شہیدہونے والے ان گنت بچوں اور عورتوں کی ہلاکت پر تشویش ہے، سعودی حکمرانوں کا کردار متنازع حیثیت اختیار کر رہا ہے، دو مملکت کی جنگ میں یمن کو میدانِ جنگ بنایا گیا ہے، امریکہ ایک طرف سعودی حکمرانوں کو شے د ے رہا، دوسری جانب ایران کو تھپکی دے رہا ہے۔

قائد ملت اسلامیہ امام شاہ احمد نورانی صدیقی نے ملی یکجہتی کونسل، متحدہ مجلس عمل، ورلڈ اسلامک مشن، ورلڈ علماء فیڈریشن بنا کر عملی طور پر عظیم مسلم اتحاد کا فارمولا پیش کیا اور جو ان کی بدولت OIC کی صورت میں معرض وجود میں آیا جسے امام انقلاب امام شاہ احمد نورانی صدیقی کے رفیق شہید معمر قذافی، شہید صدام حسین، شہید شاہ فیصل، جمال ناصر، شہید یاسر عرفات، اور شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اسلامی اخوت اور طاقت کا مظہر بنا کر پیش کیا۔مضبوط OICمسلم اتحاد کی ضامن ہے۔اس اجلاس میں انجمن طلبہ اسلام کراچی ڈویژن کے جوائنٹ سیکرٹری بابر مصطفائی کے ساتھ ساتھ مختلف ضلعی ذمہ داران نے شرکت کی۔