یمن (جیوڈیسک) گزشتہ ایک ہفتے کے دوران یمن میں حوثی اور معزول صدر صالح کی ملیشیاؤں کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ اس دوران ملیشیاؤں کے تقریبا 1654 ارکان ہلاک اور 2000 کے قریب زخمی ہوئے۔
یہ اعداد و شمار اتحادی طیاروں کی معاونت سے یمن کی قومی فوج اور عوامی مزاحمت کاروں کی پیش قدمی کو بھی باور کراتے ہیں۔ یاد رہے کہ عرب اتحادی طیاروں کے حملوں کا سلسلہ بدھ کے روز بھی جاری رہا۔ اس دوران دارالحکومت صنعاء کے وسط میں حوثی اور معزول صالح کی ملیشیاؤں کے ٹھکانوں اور عسکری کیمپوں کو نشانہ بنایا گیا۔
حملوں کے ذریعے دارالحکومت کے وسط میں فرسٹ آرمرڈ بریگیڈ کے کیمپ میں باغیوں کے ٹھکانوں کو براہ راست نقصان پہنچا۔ اس کے علاوہ معزول صدر صالح کے آبائی علاقے سنحان اور صعدہ صوبے میں حوثی بغاوت کے سرغنے کے گڑھ ضحیان میں ملیشیاؤں کے تزویراتی ٹھکانوں کو بھی تباہ کر دیا گیا۔