عدن (جیوڈیسک) سعودی عرب کے سرحدی علاقے جازان پر جمعرات کو یمن کی طرف سے داغے گئے میزائل حملے میں3 سعودی شہری جاں بحق ہو گئے جن میں2 بچے بھی شامل ہیں جبکہ 11افراد زخمی ہو گئے۔
سعودی عرب کی سول ڈیفنس کے ترجمان میجر یحییٰ القہطانی نے اپنے ایک بیان میں بتایاکہ جمعرات کے دن یمن کی طرف سے داغے گئے متعدد میزائل جازان کے شہری علاقے میں آ گرے، زخمی ہونے والے 11 افراد میں9 بچے بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب ساحلی شہر عدن میں القاعدہ جنگجوئوں اوریمنی حکومت کی حامی ملیشیاکے مابین ہونے والی ایک جھڑپ میں 6 افراد ہلاک ہوگئے۔
یمنی سیکیورٹی حکام کے مطابق مشتبہ القاعدہ جنگجو اسلحہ سے لیس گاڑی پر شہرعدن کی طرف آ رہے تھے جب ایک چیک پوسٹ پرانھیں روکا گیا توجھڑپ ہوگئی اوردونوں طرف سے گولیاں چل گئیں، فائرنگ میں دونوں اطراف سے 3،3افراد مارے گئے۔