صنعاء (جیوڈیسک) یمن کے قریب بحیرہ احمر میں افریقا سے تعلق رکھنے والے غیر قانونی تارکین وطن کی کشتی الٹنے سے 70 افراد ہلاک ہو گئے۔
افریقی ملک ایتھوپیا سے تعلق رکھنے والے یہ افراد بہتر مستقبل کی تلاش میں ایک کشتی میں سوار ہوکر غیرقانونی طریقے سے سعودی عرب جارہے تھے کہ یمن کی المکہ بندرگاہ کے قریب تیز ہواؤں اور اونچی لہروں کی وجہ سے ان کی کشتی الٹ گئی۔ حادثے کے نتیجے میں کشتی میں سوار 70 افراد ہلاک ہو گئے۔
واضح رہے کہ ایتھوپیا اور دیگر مشرقی افریقی ممالک کے سیکڑوں تارک وطن روزگار اور بہتر مستقبل کے لئے غیرقانونی طور پر خلیجی ممالک میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہیں لیکن ہر سال درجنوں افراد اس کوشش میں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں اور رواں برس اب تک اس علاقے میں 200 سے زیادہ افراد ڈوب کر ہلاک ہوچکے ہیں۔