صنعاء (جیوڈیسک) غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یمن کے دارالحکومت صنعاء میں واقع صدارتی محل پر حملہ کیا گیا ہے جس کے بعد حوثی شیعہ جنگجوؤں اور فوج کے درمیان جھڑپیں ہوئی ہیں۔
صدارتی محل کے اطراف میں ہونے والی لڑائی کے باعث کم از کم دو افراد ہلاک جبکہ 14 دیگر افراد زخمی بھی ہوئے۔ حوثی باغیوں نے ملک کے سرکاری ٹیلی وژن سینٹر پر بھی مکمل قبضہ کر لیا ہے۔ باغی حکومت کی جانب سے جاری کیا جانے والا کوئی بھی بیان شائع یا نشر کرنے کی اجازت نہیں دے رہے۔
قبل ازیں ملنے والی اطلاعات کے مطابق حوثی باغیوں نے وزیراعظم خالد بحاح کی گاڑی پر فائرنگ بھی کی۔ وزیراعظم بحاح کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ صدر منصور الہادی سے ملاقات کرکے واپس آ رہے تھے۔ تاہم اس فائرنگ کے نتیجے میں کوئی ہلاک اور زخمی نہیں ہوا۔ واضح رہے کہ حوثی شیعہ جنگجوؤں نے گزشتہ برس ستمبر میں دارالحکومت صنعاء کا کنٹرول حاصل کر لیا تھا۔