یمن میں قید 6 سعودی شہری رہائی کے بعد وطن واپس پہنچ گئے

Colonel Turki al-Maliki

Colonel Turki al-Maliki

یمن (اصل میڈیا ڈیسک) یمن میں آئینی حکومت کے دفاع کے لیے قائم کردہ عرب فوجی اتحاد نے بتایا ہے کہ یمن میں حوثی ملیشیا کی قید سے رہائی پانے والے چھ سعودی شہری وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔

عرب اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایا کہ یمن میں حوثی باغیوں سے بازیاب کرائے گئے چھ سعودی شہری الریاض کے شاہ سلمان ہوائی اڈے پر اترنے کے بعد اپنے گھروں میں پہنچ گئے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ یمن سے لائے گئے چھ سعودی شہریوں کا جہاز بدھ کی رات 10 بج کر 45 منٹ پر شاہ سلمان ہوائی اڈے پر اترا۔ ان کا کہنا تھا کہ رہائی پانے والوں کے استقبال کے لیے ان کے عزیز واقارب کی بڑی تعداد ہوائی اڈے پر موجود تھی۔ اس کے علاوہ ہوائی اڈے پر مشترکہ فوج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل فہد بن ترکی بن عبدالعزیز اور دیگر اعلیٰ فوجی اور سول حکام نے ان کا استقبال کیا۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق عرب اتحادی فوج نے یمن میں قید سعودی شہریوں کی بازیابی کے لیے کردار ادا کرنے اور اسٹاک ہوم معاہدے کے تحت قیدیوں کی رہائی میں مدد کرنے پر بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی کی کوششوں کو سراہا۔

خیال رہے کہ عرب اتحاد نے گذشتہ برس نومبر میں یمن میں حوثی ملیشیا کی قید میں موجود 200 قیدیوں کی رہائی کے لیے کوششیں کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ترجمان نے نے بتایا کہ عالمی ادارہ صحت کی مدد سے صنعاء سے زخمیوں کو دوسرے مقامات پر منتقل کرنے اور ان کے علاج میں مدد فراہم کرنے کی بھرپور کوششیں جاری ہیں۔

درایں اثناء یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی مارٹن گریفیتھس نے ایک بیان میں صنعاء میں زخمیوں کے علاج میں مدد فراہم کرنے کے اعلان پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا ہے۔