ریاض (جیوڈیسک) سعودی سرحدی علاقے نجران پر حوثی باغیوں کی جانب سے راکٹ حملوں میں 5 شہری جاں بحق اور 11 زخمی ہوگئے جب کہ حملوں میں بعض مکانات اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
سعودی عرب کے محکمہ شہری دفاع کے مطابق حوثیوں کی جانب سے سرحدی علاقے نجران میں راکٹ حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں 5 شہری جاں بحق اور 11 زخمی ہوئے جب کہ حملے میں بعض مکانات اور علاقے میں کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ سعودی فوجی ترجمان کے مطابق راکٹ حملے سعودی عرب اور یمنی سرحد پر واقع پہاڑی سلسلے سے کیے گئے ہیں جو نجران شہر میں حکومتی تنصیبات کے قریب گرے جب کہ گرلز اسکول کے قریب راکٹ گرنے سے انتظامیہ نے تمام اسکول بند کرادیئے ہیں۔
سعودی فوجی ترجمان کا کہنا ہے فوج صورتحال سے پوری طرح نمٹنے کے لیے تیار ہے، سرحد پر سکیورٹی اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے تمام آپشنز کھلے ہیں تاہم نجران شہر کی صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے۔
دوسری جانب سعودی فوجی ہیلی کاپٹروں نے راکٹ حملوں کے بعد یمنی سرحد کے قریب حوثیوں کے ٹھکانوں پر بھی بمباری کی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی حوثی باغیوں کی جانب سے نجران کی شہری آبادی پر مارٹر گولے فائر کیے گئے تھے جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا جب کہ انتظامیہ نے حملوں کے بعد اسکولوں میں عام تعطیل کا اعلان کرتے ہوئے نجران کے لیے پروازیں بھی معطل کردی تھیں۔