یمن (جیوڈیسک) یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کے لیے سرگرم عرب اتحاد کی جانب جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ تازہ لڑائی کے دوران یمن میں سعودی عرب کے دو ہواباز اور بارڈر فورس کے پانچ سپاہی جام شہادت نوش کر گئے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی ’واس‘ کے مطابق عرب اتحادی فوج کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ روز موسم کی خرابی کے باعث سعودی عرب کے اپاچی ہیلی کاپٹر کی کریش لینڈنگ کے دوران حادثے کے نتیجے میں دو سعودی پائلٹ کیپٹن ایمن الفیفی اور فرسٹ لیفٹیننٹ محمد الحسن جام شہادت نوش کر گئے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں سعودی ہواباز یمن کے اندر مآرب کے مقام پر یمنی باغیوں کے خلاف آپریشن میں مصروف عمل تھے۔ ادھر سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے یمن کی سرحد پر حوثی باغیوں کے ساتھ جھڑپ میں بارڈر پولیس کے پانچ اہلکاروں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔
سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سوموار کو مقامی وقت کے مطابق صبح چھ بجے نجران کے علاقے سے سرحد پار سے یمنی باغیوں کے ایک گروپ نے دراندازی کی کوشش کی۔
اس موقع پر سعودی بارڈر سیکیورٹی فورسز نے باغیوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ان پر حملہ کردیا۔ باغیوں فرار ہونے کے ساتھ ساتھ فائرنگ کرتے رہے جس کے نتیجے میں کم سے کم پانچ سپاہی شہید ہوئے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ نجران کی سرحد پر یمنی باغیوں اور سعودی سیکیورٹی فورسز کے درمیان تصادم آٹھ گھنٹے تک جاری رہا۔ اس دوران دشمن کو بھی بھاری جانی نقصان پہنچایا گیا ہے۔
شہید ہونے والے فوجیوں کی شناخت سلیمان بن سعید بن سلیمان المعیدی، موسیٰ بن زین بن محمد المرحبی، عبداللہ بن محمد حسن شراحیلی، مرزوق بن سعید بن علی السلوم اور جابر بن علی بن حسین العلوی کے ناموں سے کی گئی ہے۔