ریاض (جیوڈیسک) یمن کے سابق صدر علی عبداللہ صالح کی وفادار فورسز نے سعودی سرحدی قصبوں پر حملے کیے جو پسپا کر دیے گئے۔ جھڑپوں میں 4 سعودی اور درجنوں یمنی حملہ آور مارے گئے۔
سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے ایک بیان میں کہاکہ معزول یمنی صدرعلی عبداللہ صالح کےری پبلکن گارڈز کی ایک فارمیشن نے سعودی سرحدی قصبوں جازان اور نجران میں جمعے کی صبح مختلف مقامات پر منظم حملے کیے۔ انہیں حوثی باغیوں کی مدد بھی حاصل تھی۔
سعودی سیکیورٹی فورسز نے بھرپور جواب دیتے ہوئے حملے پسپا کیے جن میں گن شپ ہیلی کاپٹر ، میزائل اور دیگر اسلحہ استعمال کیا گیا۔ جھڑپوں کا سلسلہ دوپہر تک جاری رہا جس کے دوران 4 سعودی اور درجنوں یمنی حملہ آور مارے گئے۔
سعودی عرب کی قیادت میں قائم اتحاد کی جانب سے یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف کارروائی شروع ہونے کے بعد سعودی حدود میں یہ دوسرا بڑا زمینی حملہ ہے۔ اپریل کے آخر میں بھی نجران کے علاقے میں حملہ کیا گیا تھا جس میں 3سعودی فوجی اور درجنوں باغی ہلاک ہوئے تھے۔