یمن (جیوڈیسک) سعودی عرب کا ایک بلیک ہاک ہیلی کاپٹر منگل کے روز یمن میں فوجی کارروائیوں کے دوران گر کر تباہ ہو گیا جس سے 12 فوجی افسر ہلاک ہو گئے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کی ایک رپورٹ میں فوج کے ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ حادثہ دارالحکومت صنعا کے مشرق میں واقع صوبے مارب میں پیش آیا۔
ایس پی اے کے مطابق حادثے کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر پر سوار چار کمشنڈ اور آٹھ نان کمشنڈ افسر ہلاک ہو گئے۔
رپورٹ میں ہیلی کاپٹر گرنے سے متعلق مزید تفصیلات نہیں دی گئیں تاہم یہ کہا گیا ہے کہ اس واقعہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
یمن میں سعودی اتحاد کی جانب سے فوجی کارروائیاں شروع ہونے کے بعد سے یہ کسی ایک واقعہ میں سعودی فوجیوں کا سب سے زیادہ جانی نقصان ہے۔
یمن میں سعودی فورسز صدر عبد ربو منصور حادی کو اپنے عہدے پر بحال کرنے کے لیے کارروائیاں کررہی ہیں جنہیں ہوثی باغیوں کی بغاوت کے نتیجے میں بھاگنا پڑا تھا۔
ہوثیوں نے2014 میں اپنی بغاوت کے آٖغاز کے بعد سے شمالی یمن کے زیادہ تر حصے پ اپنا قبضہ جما رکھا ہے جس میں دارالحکومت صنعا بھی شامل ہے۔
سعودی اتحاد کا الزام ہے کہ ایران، خطہ عرب کے غریب ترین ملک یمن میں اپنا اثرورسوخ پھیلانے کے لیے ہوثی باغیوں کی مدد کررہا ہے۔جب کہ باغیوں کا کہنا ہےکہ ان کی مہم بدعنوانی اور رشوت ستانی کے خلا ف ہے۔