صنعا (جیوڈیسک) یمن کے جنوبی شہر عدن میں ایک خودکش حملہ آور نے اپنی بارود سے بھری گاڑی کو دھماکے سے اڑا دیا۔ حملہ شہر میں سیکیورٹی فورسز کے ایک کیمپ پر کیا گیا، حملے میں دس افراد مارے گئے۔
عدن کے علاقے منصورہ میں سیکیورٹی بیلٹ کہلانے والے علاقے میں کیے گئے اس حملے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔ داعش نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ حکام کے مطابق دھماکے میں ہلاک ہونے والوں میں آٹھ فوجی اور دو شہری شامل ہیں۔
دوسری جانب یمن میں باغیوں کے زیر قبضہ شہر صنعا کے ہوائی اڈے پر بمباری کے نتیجے میں کنٹرول ٹاور اور رن وے تباہ ہو گیا۔
یمنی حکام کے مطابق یہ فضائی حملہ سعودی قیادت میں عسکری اتحاد کی جانب سے کیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ اس حملے کے نتیجے میں ایئرپورٹ پر معمول کی سرگرمیاں اور پروازیں متاثر ہوں گی۔