یمن کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیلئے پاکستان کا اعلیٰ سطحی وفد سعودی عرب روانہ

Khawaja Asif

Khawaja Asif

اسلام آباد (جیوڈیسک) یمن کی صورتحال پر سعودی حکام سے تبادلہ خیال کے لیے پاکستان کا اعلیٰ سیاسی و عسکری حکام پر مشتمل وفد سعودی عرب روانہ ہوگیا ، وفد کی قیادت وزیرِ دفاع خواجہ آصف کر رہے ہیں۔

راونگی سے قبل وزیر دفاع نے کہا کہ سعودی عرب کی سالمیت کو خطرہ ہوا تو تمام وسائل فراہم کریں گے۔سعودی عرب جانے والے وفد میں وزیر دفاع خواجہ آصف کے علاوہ قومی سلامتی و خارجہ امور کے مشیر سرتاج عزیز ، چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم اور ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز میجر جنرل عامر ریاض بھی شامل ہیں۔ وفد سعودی حکام سے یمن کی صورتحال اور سعودی عرب کی سلامتی سے متعلق امور پر بات کرے گا۔

روانگی سے قبل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ سعودی عرب کی سالمیت کو خطرہ ہوا تو تمام وسائل فراہم کریں گے ۔ پاکستان مسلم دنیا میں انتشار کے خاتمے کا خواہاں ہے ، انھوں نے کہا کہ امن اور اتحاد سے تنازع کے حل کی حمایت کرتے ہیں ۔ پاکستانی وفد سعودی حکام سے ملاقات کے بعد کل وطن واپس پہنچے گا۔

اس وفد کی تشکیل اور روانگی کا اعلان ابتدائی طور پر گذشتہ ہفتے کیا گیا تھا تاہم عرب لیگ کے اجلاس کے نتائج آنے تک اس کی روانگی دو مرتبہ موخر کی گئی ۔ حکومتِ پاکستان پہلے ہی سعودی عرب کی علاقائی سالمیت کو خطرہ ہونے کی صورت میں ہر ممکن مدد دینے کا اعلان کر چکی ہے تاہم ابھی تک وہاں فوج بھیجنے کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔