کراچی (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پارٹی رہنماء شیری رحمان نے کہا کہ مشرق وسطیِٰ میں بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش ہے۔
قیام امن کی کوششوں کے لئے پیپلز پارٹی مسلم ممالک میں وفود بھیجے گی۔ شیری رحمان کا مزید کہنا تھا کہ حرمین شریفین کا تقدس سر آنکھوں پر لیکن سعودی عرب فوج بھیجنے کا فیصلہ پارلیمنٹ کرے گی۔ حکومت ابہام ختم کرنے کے لئے تمام پارٹیز کے رہنمائوں کو ان کیمرہ بریفنگ دے۔
آصف زرداری کے زیر صدارت ہونے والے پیپلز پارٹی کی سی ای سی کے اجلاس میں پاس کی گئی قراردوں کی تفصیل بتاتے ہوئے شیری رحمان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اپنے شہید قائد ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل کی از سر نو پیروی کرے گی اور اس ضمن میں صدر اور وزیراعظم کو خطوط بھی لکھے جا چکے ہیں۔