یمن میں دہشت گردوں کا ایئرپورٹ پر حملہ، 6 حملہ آوروں سمیت 8 اہلکار ہلاک

Yemen Airport Attacked

Yemen Airport Attacked

صنعا (جیوڈیسک) یمن میں دہشت گردوں نے ایئرپورٹ پر حملہ کر کے مسافروں کو یرغمال بنا لیا جبکہ سیکیورٹی فورسز سے جھڑپ کے دوران 6 حملہ آور ہلاک اور 4 کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 8 اہلکار ہلاک بھی ہوئے۔

یمن کے جنوبی شمالی صوبے ہڈراموٹ میں سیکیورٹی فورسز نے ایئرپورٹ پر دہشت گردوں کے حملے کو پسپا کردیا جبکہ دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں 6 حملہ آور اور 8 فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے۔ حملہ آوروں میں سے ایک نے ایئرپورٹ میں داخل ہونے سے قبل قریب ہی واقع ملٹری ہیڈ کوارٹر کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں 5 اہلکار ہلاک ہوگئے جبکہ دیگر حملہ آور ایئرپورٹ کی حدود میں داخل ہو گئے۔

دہشت گرد فائرنگ کرتے ہوئے ایئرپورٹ کے اندر داخل ہوئے تو مزاحمت پر ایئرپورٹ سیکیورٹی فورسز کے 3 اہلکار گولیاں لگنے سے ہلاک ہوگئے جبکہ حملہ آوروں نے رن وے کی جانب جانے کی کوشش کی تاہم اس سے قبل ہی فوج کی بھاری نفری نے ایئرپورٹ کو گھیرے میں لے لیا اوردونوں جانب سے فائرنگ کے تبادلے میں 6 حملہ آور ہلاک اور 4 کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ دیگر دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

حکام کے مطابق دہشت گرد یمن ایئرویز کے جہاز کے مسافروں کو یرغمال بنانا چاہتے تھے تاہم فوجی دستوں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں دہشت گردوں کا حملہ پسپا کردیا گیا جبکہ دوسری جانب صدر ابو منصور ہادی نے ایئرپورٹ پر حملے کے نتیجے میں سایون کے آرمی کمانڈر جنرل محمد سومالی کو برطرف کرتے ہوئے ان کی جگہ جنرل احمد الی ہادی کو تعینات کر دیا۔

صدر منصور ہادی نے سیکیورٹی فورسز کو دارالحکومت صنعا سمیت ملک بھر میں ہائی الرٹ کی ہدایات جاری کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ دہشت گردوں کے لئے بھرپور کارروائی جاری رکھی جائے۔