صنعاء (جیوڈیسک) یمن میں کارروائی کے پانچویں روز ساحلی شہر عدن میں سعودی عرب نے فضائی حملے تیز کر دیے ہیں۔
عدن میں باغیوں سے ائیر پورٹ کا قبضہ چھڑانے کیلئے آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ قریبی علاقوں میں جھڑپیں جاری ہیں جبکہ سڑکوں پر ٹینک موجود ہیں۔ مختلف علاقوں سے زوردار دھماکوں کی آوازیں آ رہی ہیں اور دھویں کے بادل اٹھ رہے ہیں۔
دارالحکومت صنعاء میں صدارتی محل کے قریبی علاقوں میں شدید گولہ باری اور جھڑپیں جاری ہیں۔ علاقہ مکین گھروں میں محصور ہیں۔ کھانے پینے کی اشیاء کی قلت پیدا ہو چکی ہے۔
یمنی صوبے شبوہ میں مقامی قبائل نے حوثیوں کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے۔ شبوہ میں 40 باغیوں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔ یمنی علاقے صعدہ میں فضائی بمباری میں باغیوں کے کئی اسلحہ ڈپو تباہ کر دیے گئے ہیں۔ یمن میں الحدیدہ اور المكلا میں بھی بعض مقامات پر لڑائی جاری ہے۔
شمالی یمن کے ایک پناہ گزین کیمپ پر سعودی فضائی حملوں میں 45 افراد ہلاک جبکہ تیس شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب نے فضائی حملوں کے بعد زمینی کارروائی کی تیاری بھی شروع کر دی ہے۔
ادھر پاکستان کے بعد چین اور بھارت کا بھی اپنے شہریوں اور سفارتی عملے کے انخلاء کیلئے آپریشن جاری ہے۔ چین نے اپنے شہریوں کو واپس لانے کیلئے ہوائی اور بحری جہاز روانہ کئے ہیں۔ 122 چینی یمن سے افریقی ملک جبوتی پہنچ چکے ہیں جبکہ 400 چینی شہری انخلاء کے منتظر ہیں۔
بھارتی مسافر طیارہ پہلے مرحلے میں 180 ہندوستانیوں کو لے کر نئی دلی پہنچ گیا ہے۔ یمن میں اس وقت 25 سو سے 3 ہزار بھارتی شہری پھنسے ہوئے ہیں۔