صنعا (جیوڈیسک) یمن میں شادی کی تقریب پر فضائی کارروائی کے نتیجے میں دلہن سمیت 20 افراد ہلاک اور 46 زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق یمن کے شمالی صوبے حجاح کے ضلع بنی قیس میں شادی کی تقریب میں فضائی کارروائی کے نتیجے میں دلہن سمیت 20 افراد ہلاک اور 46 زخمی ہوگئے۔
حوثی باغیوں کا کہنا ہے کہ فضائی کارروائی سعودی فوجی اتحاد نے کی جب کہ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے میں 46 افراد زخمی ہوئے جن میں 30 بچے بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب سعودی اتحادی افواج کے ترجمان نے خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی کیوں کہ اتحادی فورسز کبھی بھی جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ نہیں بناتی تاہم انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ اتحادی فورسز اسکول، مارکیٹ، اسپتال اور رہائشی علاقوں پر بمباری کرتی ہے۔