صنعاء (اصل میڈیا ڈیسک) یمن کے دارالحکومت صنعاء کے مشرق میں نھم کے محاذ پر آئینی فوج کی ایک کارروائی میں کمانڈر سمیت کم سے کم 13 حوثی باغی ہلاک ہو گئے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق یمنی فوج کے میڈیا سینٹر کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہےکہ اتوار کے روز نھم کے محاذ پر حریب میں ایک فوجی کارروائی کی گئی جس میں ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کے 13 جنگجو ہلاک ہوگئے۔ مقتولین میں ایک سینیر کمانڈر بھی شامل ہے۔
مقتول کمانڈر کی شناخت ابو ثابت الھاشمی کے نام سے کی گئی ہے۔ آپریشن میں متعدد جنگجو فرار ہوگئے۔
ادھر نھم ڈاریکٹوریٹ میں ضبوعہ، مغربی البیاض پہاڑی سلسلے اور دیگر مقامات پر گذشتہ تین روز سے جاری لڑائی میں حوثی ملیشیا کو بھاری جانی اور مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔